18 نومبر 2026 - 16:40
بحرین میں شیعہ علما کی سب سے بڑی اجتماعی عدالتی کارروائی؛ آل خلیفہ حکومت نے اپنے ہی شہریوں کے خلاف محاذ کھول دیا

بحرین کی فوجداری عدالت نے 60 شیعہ علما اور 9 مذہبی نوحہ خوانوں سمیت 69 افراد کو 15 سال قید سے لے کر عمر قید تک کی سزائیں سنا دیں۔ آیت اللہ عیسیٰ قاسم کو بھی عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، بحرین میں آل خلیفہ حکومت نے امریکہ اور صیہونی حکومت کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور پابندیوں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔ بظاہر آل خلیفہ حکومت ایران کے خلاف جنگ میں اپنی شرکت کی مخالفت کرنے والی بحرین کی مذہبی شخصیات سے انتقام لینے کے لیے ہر حد عبور کرنے پر آمادہ ہے۔ بحرین میں شیعہ رہنماؤں کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی اجتماعی عدالتی کارروائی اسی پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔

بحرین کی فوجداری عدالت نے پیر کے روز 69 افراد کو سزائیں سنائیں، جن میں قید کی مدت 15 سال سے لے کر عمر قید تک ہے۔ سزا پانے والوں میں 60 شیعہ علما اور 9 مذہبی نوحہ خوان شامل ہیں۔ ان میں سے 56 افراد، جن میں 47 علما اور 9 نوحہ خوان شامل ہیں، پہلے ہی زیر حراست ہیں۔

عدالت نے بحرین کے 13 علما کو ان کی غیر موجودگی میں بھی سزائیں سنائیں۔ ان میں سرفہرست ایران میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے آیت اللہ عیسیٰ قاسم ہیں۔ انہیں 63 دیگر افراد کے ہمراہ عمر قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ پانچ افراد کو 15، 15 سال قید کی سزا دی گئی۔

ملزمان پر متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن میں دہشت گرد تنظیم قائم کرکے آئینی نظام کا تختہ الٹنے کی کوشش اور مقامی مساجد و مذہبی اجتماعات کے ذریعے ایران کے نظریۂ ولایت فقیہ کی ترویج جیسے الزامات بھی شامل ہیں۔

اچانک سزاؤں کا اعلان؛ پہلے سے طے شدہ عدالتی کارروائی

اس مقدمے کا فیصلہ رواں ماہ کی 22 تاریخ کو سنایا جانا تھا، لیکن بحرین کے حکام نے اچانک ایک رات میں فیصلہ سنانے کی تاریخ تبدیل کر دی اور اتوار اور پیر کی درمیانی شب عدالتی کارروائی کے وقت کا اعلان کیا۔

بحرین کی قیدیوں کے امور کی کمیٹی نے عمر قید کی سزا پانے والے ایک بحرینی عالم سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر عدالتی کارروائی کے پس پردہ بعض حقائق سامنے لائے ہیں۔

اس عالم نے عدالت کے اندر کی صورت حال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جب ہم عدالت میں داخل ہوئے تو جج جاسم محمد جاسم العجلان اور ان کی ٹیم بظاہر شدید الجھن کا شکار تھی۔ کارروائی شروع ہوتے ہی جج العجلان نے ایک کاغذ اٹھایا، چند مخصوص افراد کے نام پکارے اور مختصر الفاظ میں انہیں بتایا کہ آپ کو 15 سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے، جبکہ باقی تمام ملزمان کو عمر قید دی جاتی ہے۔

فیصلہ سنانے کے فوراً بعد جج اور ان کی ٹیم جلد بازی میں عدالت سے باہر نکل گئے۔ ان کے چہروں سے گھبراہٹ اور پریشانی واضح طور پر ظاہر ہو رہی تھی۔

کمیٹی کے مطابق، جج اور ان کی ٹیم کا یہ طرز عمل ظاہر کرتا ہے کہ بھاری سزاؤں کے فیصلے پہلے ہی طے کر لیے گئے تھے اور اس مقدمے میں منصفانہ عدالتی کارروائی کے بنیادی تقاضوں اور اصولوں کو بھی نظر انداز کیا گیا۔

بین الاقوامی دباؤ؛ مخالفین کے نزدیک سزاؤں میں تبدیلی کا واحد راستہ

بحرین کی قیدیوں کے امور کی کمیٹی کے سربراہ جعفر یحییٰ نے اخبار الاخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بحرینی علما کے خلاف جاری ہونے والے ظالمانہ فیصلے کے خلاف عدالتی نظام کے تحت اپیل اور پھر نظرثانی کی درخواست دائر کی جا سکتی ہے، لیکن اس عمل میں بہت زیادہ وقت لگے گا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ آل خلیفہ حکومت کے زیر تسلط عدالتی نظام سے کوئی نتیجہ حاصل ہونے کی توقع نہیں، جب تک اس حکومت پر انسانی حقوق، سیاسی اور سفارتی سطح پر بین الاقوامی دباؤ نہ ڈالا جائے تاکہ ان فیصلوں کو تبدیل کیا جا سکے۔

ان کے مطابق، بصورت دیگر یہ سیاسی نظام اپنے فیصلے پر قائم رہے گا اور اس کی کوشش ہوگی کہ علما کو عوام کے درمیان آنے سے روکا جائے اور انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید رکھا جائے۔

بحرین میں 14 فروری اتحاد کے سیاسی دفتر کے سربراہ ابراہیم العرادی نے بھی اخبار الاخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بحرینی علما کے خلاف سنائے گئے فیصلے کو سیاسی اور پہلے سے طے شدہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ 9 مئی کو علما کی گرفتاری کے وقت ہی طے کر لیا گیا تھا۔

ان کے خیال میں آل خلیفہ حکومت بحرین کی شیعہ برادری کو سخت ترین سزاؤں کا نشانہ بنانا چاہتی ہے، کیونکہ یہ مقدمہ براہ راست خطے کی صورت حال اور ایران کے خلاف جنگ سے جڑا ہوا ہے۔

العرادی نے خبردار کیا کہ ان فیصلوں سے بحرین کے معاشرے میں غم و غصے اور کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔ ان کے مطابق، حکام نے گزشتہ ہفتے فیصلہ مؤخر کرکے اس کے ممکنہ ردعمل سے بچنے کی کوشش کی تھی۔ پہلے یہ فیصلہ رواں ماہ کی 8 تاریخ کو سنایا جانا تھا، جسے بعد میں 22 تاریخ تک ملتوی کر دیا گیا، لیکن آل خلیفہ حکام نے ایک بار پھر اچانک فیصلہ مقررہ وقت سے پہلے سنا دیا۔

14 فروری اتحاد: حکومت عوام کی مرضی قبول کرنے کی صلاحیت کھو چکی ہے

اسی حوالے سے 14 فروری انقلابی نوجوانوں کے اتحاد کی سیاسی کونسل نے اعلان کیا کہ یہ فیصلے آل خلیفہ حکومت کے حکام کی فکری پستی اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنے میں ان کی ناکامی کی عکاسی کرتے ہیں۔

کونسل کے مطابق، حکمران اب اس عوام اور علما کے ساتھ بقائے باہمی کے لیے تیار نہیں جو امریکہ اور صیہونیوں کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے اور ان کے ساتھ تعاون کرنے کی مخالفت کرتے ہیں۔

کونسل نے اس عدالتی کارروائی کو آل خلیفہ حکومت کے اس کردار کا حصہ قرار دیا جس کے تحت وہ بحرین کے شیعہ علما اور ان کی مذہبی شخصیات کو نشانہ بنانے کے لیے اندرون ملک ایک نیا محاذ کھول کر اپنی وفاداری ثابت کرنا چاہتی ہے۔

بیان کے مطابق، اس اقدام کا مقصد اسلامی جمہوریہ ایران پر دباؤ ڈالنا، اس سے سیاسی مفادات حاصل کرنا اور اپنی سرزمین اور عزت و وقار کے دفاع کی جنگ میں ایران کے حامیوں کو گھیرنا ہے۔

آیت اللہ عیسیٰ قاسم نے بھی اس حوالے سے تاکید کی کہ بحرین اور اس کے عوام موجودہ حکومت کو قبول نہیں کرتے۔ یہ ایسی حکومت ہے جس نے ظلم و جبر کے ذریعے چھوٹے بڑے سب پر اپنا تسلط قائم کر رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شعور، عزت، وقار اور آزادی کی پاکیزہ آواز کو خاموش کرنا چاہتی ہے اور حق، بہادری اور اس کی راہ میں قربانی دینے کی دعوت پر مبنی پیغام کو جیلوں کی تاریک کوٹھڑیوں میں دفن کرنا چاہتی ہے۔

مخالفین: بحرین کا معاملہ اب محض عدالتی نہیں رہا

جزیرہ نمائے عرب میں قائم اپوزیشن انجمن نے بھی ان فیصلوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بحرین میں جاری صورت حال اب محض ایک عدالتی معاملہ نہیں رہی جسے اس کے سیاسی پس منظر سے الگ کرکے دیکھا جا سکے۔ یہ صرف چند افراد کے خلاف سزاؤں کا معاملہ بھی نہیں ہے کہ عدالت کے دروازوں سے باہر نکلنے کے بعد اس کے اثرات ختم ہو جائیں۔

انجمن کے مطابق، اس معاملے کی نوعیت سزا پانے والے افراد کے ناموں اور انہیں سنائی گئی قید کی مدت سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔ یہ دراصل حکومت اور معاشرے، ریاست اور شہریوں، قانون اور انصاف، نیز آزادیِ عقیدہ کے درمیان تعلق کا معاملہ بن چکا ہے۔

انجمن نے ان فیصلوں کو ایک انتہائی خطرناک پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اس پر سیاسی اور قانونی سطح پر جواب دہی ضروری ہے۔ اس معاملے کو نظر انداز کرنا یا اس کی اہمیت کم کرکے پیش کرنا درست نہیں ہوگا۔

دوسری جانب بحرین کی تنظیم برائے انسانی حقوق و جمہوریت (BIRD) سمیت متعدد انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی بحرینی علما کے خلاف سنائی گئی سزاؤں کی مذمت کی ہے۔

اس تنظیم کے شعبۂ حمایت کے سربراہ احمد الوداعی نے اخبار الاخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار افراد کے خلاف عائد الزامات کا بنیادی محور ایران سے روابط، نظریۂ ولایت فقیہ کی ترویج اور آئینی نظام کی جگہ دوسرا نظام قائم کرنے کی کوشش ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیمیں: علما علاقائی تنازعات کا نشانہ بن گئے

احمد الوداعی نے ان فیصلوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ یہ افراد خطے میں جاری تنازع کا شکار بنے ہیں۔ ہم ان ظالمانہ فیصلوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ان عدالتی کارروائیوں کے ذریعے مذہبی رہنماؤں کو ان کے معاشروں سے الگ کیا جا رہا ہے اور ان کے اہل خانہ کو بھی خوف، دھمکیوں اور غیر یقینی صورت حال سے دوچار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ان فیصلوں کو بحرین کی شیعہ برادری کے عقیدے اور شناخت پر عدالتی نظام کے ذریعے کیا جانے والا حملہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو عدالتی نظام تشدد اور اذیت رسانی کے معتبر الزامات کی تحقیقات کرنے میں ناکام رہے، وہ خود جبر و تشدد کا آلہ بن جاتا ہے۔ یہ فیصلے معاشرے میں ناانصافی کے بوجھ کو مزید بڑھا رہے ہیں۔

الوداعی نے آل خلیفہ حکومت کے اتحادیوں، بالخصوص برطانیہ اور امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بحرین کے شیعوں کے خلاف جاری جبر و تشدد روکنے کا کھل کر مطالبہ کریں اور اس حکومت پر زور دیں کہ وہ من مانے طریقے سے گرفتار کیے گئے قیدیوں کو رہا کرے۔

اس سے قبل انسانی حقوق کی تنظیمیں بحرینی قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے انسانی حقوق کی متعدد خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دے چکی ہیں۔ ان میں قیدیوں کو نامعلوم مقامات پر رکھنا، وکیل کی موجودگی کے بغیر تفتیش کرنا، آنکھوں پر پٹیاں باندھنا، طویل وقت تک ہاتھ باندھ کر رکھنا، زبردستی کھڑا رکھنا، نیند سے محروم کرنا اور دیگر بدسلوکیوں کے واقعات شامل ہیں۔

آل خلیفہ حکومت کی عدالتوں میں بھی ان خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، بحرینی قیدیوں کو طویل بیانات اور اعترافی تحریروں پر دستخط کرنے پر مجبور کیا گیا، حالانکہ انہیں یہ تحریریں پڑھنے تک کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha